Official Web

ملک بھر میں سبزیاں عام شہری کی پہنچ سے دور، قیمتیں آسمان چھونے لگیں

لاہور:  ملک بھر میں سبزی عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئی۔ قیمتوں میں اضافے نے لوگوں کو رلا دیا۔ ٹماٹر، ادرک، لہسن اور مٹر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، شہری صرف قیمت پوچھنے تک ہی محدود ہو گئے۔

ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ قیمتیں سن کر کان لال اور پارہ ہائی ہونے لگا، ٹماٹر کی قیمت نے شہریوں کو لال پیلا کر دیا۔ راولپنڈی میں ٹماٹر کی قیمت 280 روپے تک پہنچ گئی۔ ادرک 360، لہسن اور شملہ مرچ 280 جبکہ سبزمرچ 180 روپےکلو فروخت ہو رہی ہے۔

لاہور میں بھی سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ ٹماٹر 240، ادرک 400، لہسن 300 روپے کلو ہو گیا۔ پشاور میں بھی سبزیاں عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ دکاندار ادرک 400، لہسن 320، ٹماٹر 200 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔

کراچی میں بھی سبزیوں کی قیمت نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔ ٹماٹر اور مٹر 200، پیاز 80 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ کوئٹہ میں بھی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے سےعوام پریشان ہیں۔ ادرک 400، لہسن 300، مٹر اور ٹماٹر 200 روپے کلو تک پہنچ گئے۔