Official Web

حکومت کی ایم کیوایم کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

فیڈرل کوآرڈینیشن کمیٹی نے کراچی پیکج پر توجہ سمیت سندھ میں وفاقی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے ایم کیو ایم اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تمام تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم آفس میں فیڈرل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران بشمول وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب اور جہانگیر ترین جب کہ ایم کیو ایم کا وفد ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی، کنور نوید جمیل، عامر خان اور سیدامین الحق پر مشتمل تھا۔

اجلاس میں ایم کیو ایم کے ساتھ باہمی معاملات اور سندھ بالخصوص کراچی کے ترقیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں باہمی امور، ایم کیو ایم کے 13 نکاتی ایجنڈے اور تمام نکات پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمیٹی نے ایم کیو کیو کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کراچی کی ترقی کیلئے پْرعزم ہے اور کراچی پیکج پر توجہ سمیت سندھ میں وفاقی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے ایم کیو ایم اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تمام تحفظات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

اجلاس میں آئندہ پیر کو صدر ہاؤس میں ایک اور اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کی صدارت صدر ڈاکٹر عارف علوی کریں گے۔ اجلاس میں گورنر سندھ، وزارت خزانہ، پلاننگ اور ڈویلپمنٹ ، ایچ ای سی اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلی حکام شرکت کریں گے۔