Official Web

کھیلوں کے معاملے پر نواز شریف، عمران خان نے مایوس کیا: عامر خان

لاہور:  برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے مایوس کیا۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی بار چند سال قبل سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی تھی، میں نے ملاقات کے دوران ان سے کہا تھا کہ آپ بس مجھے جگہ دیں میں وہاں پر باکسنگ اکیڈمی کھولوں گا۔

برطانوی نژاد پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ باکسنگ اکیڈمی کھولنے کا مقصد بچوں کو سہولیات دینا تھا، میں نے کہا تھا کہ اکیڈمی میں بچوں کے لیے فری سہولیات میسر ہوں گی اور جلد انشاء اللہ پاکستان سے چیمپئن سامنے آئیں گے۔

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ میں گورنمنٹ کے پاس دوبارہ گیا تھا اور تین سے چار بار بولا تھا کہ جگہ دیں، ن لیگ کے دور پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب کو صرف تصویریں بنانا کا شوق تھا۔

پی ٹی آئی کے چیئر مین اور وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں موجودہ وزیراعظم سے بھی ملاقات کی تھی اور ان سے بھی درخواست کی تھی کہ مجھے سپورٹ کریں، کیونکہ ان کا تعلق بھی کھیلوں سے تھا، ان کو پتہ ہو گا کہ لوگوں کو اوپر آنے کے لیے کتنی مشکلات اٹھانا پڑتی ہیں۔

برطانوی نژاد باکسر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو کہا تھا کہ مجھے صرف اکیڈمی بنانے کے لیے جگہ میں بیرون ملک سے انٹرنیشنل کوچز کو لیکر پاکستان آؤں گا لیکن ابھی تک کچھ نہیں ہوا، پی ٹی آئی نے بھی مجھے مایوس کیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ میں اگر پاکستانی سیاست میں کسی عہدے مثال کے طور پر وزیر کھیل ہوں تو میں پاکستان میں لوگوں کے لیے ضرور کچھ کروں گا پھر آپ دیکھ لینا کہ پاکستان کھیلوں میں کیسے اوپر جائے گا۔ ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی سیاست میں وعدے جھوٹے ہوتے ہیں۔