Official Web

نیند کی کمی سے خواتین کی ہڈیاں بھی کمزور ہوسکتی ہیں: تحقیق

نیویارک: نیویارک میں یونیورسٹی آف بفیلو میں صحت کے پروفیسر ہیدر بالکم نے بتایا کہ ویسے تو نیند کی کمی سب کیلئے ہی مضر ہے لیکن اگر بالخصوص خواتین پوری نیند نہیں لیتیں اور یہ روش کئی سال تک برقرار رکھتی ہیں تو اس سے دھیرے دھیرے ان کی ہڈیوں کی کثافت کم ہوتی چلی جاتی ہے اور یہ کیفیت آگے چل کر ہڈیوں کے بھربھرے پن کی وجہ بن سکتی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پروفیسر ہیدر بالکم نے کہا کہ خصوصاً خواتین سات گھنٹے تک معمول کی نیند ضرور لیں ورنہ ان کی نفسیاتی صحت کیساتھ ساتھ ہڈیاں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ یہ تحقیق جرنل آف بون اینڈ منرل ریسرچ میں شائع ہوئی جس میں 11 ہزار سے زائد ایسی خواتین کو شامل کیا گیا جو عمر کے اس حصے میں پہنچ چکی تھیں جب خواتین کو ماہواری آنا بند ہوجاتی ہے۔ ان میں سے جو خواتین پانچ گھنٹے یا اس سے کم کی نیند لیتی ہیں، ان کے جسم میں چار مقامات پر ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں یعنی ہڈیاں کثافت کھو کر نرم پڑسکتی ہیں۔

ان میں پورے جسم، کولہے ، گردن اور ریڑھ کی ہڈیاں کمزور ہوسکتی ہیں۔ اس کے برعکس کم سے کم سات گھنٹے سونے والی خواتین میں یہ رجحان نہیں دیکھا گیا۔