Official Web

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ کی پریکٹس آج سے شروع، 21 نومبر سے سیریز کا آغاز ہو گا

برسبین: ٹی ٹونٹی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کے امتحان کی تیاریاں آج سے شروع ہوں گی، قومی شاہین اونچی اڑان بھرنے کے لیے برسبین میں پریکٹس شروع کرے گی، بخار کا شکار کپتان اظہر علی کے آرام کا امکان ہے، اکیس نومبر سے سیریز کا پہلا میچ شروع ہو گا۔

چھوٹے فارمیٹ سے بڑے ٹیسٹ کی تیاری، قومی شاہینوں کے برسبین میں ڈیرے، آج سے قومی کھلاڑی پریکٹس شروع کریں گے۔ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق، بولنگ کوچ وقار یونس سمیت کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں کھلاڑی اِن ایکشن ہوں گے۔

بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ، بخار کا شکار کپتان اظہر علی دوسرا پریکٹس میچ نہ کھیلے، آج پریکٹس سیشن میں بھی شرکت مشکل، قومی اوپنر شان مسعود کی پریس کانفرنس شیڈول ہے۔

کل پھر کھلاڑی سخت امتحان کی تیاریوں کے لیے پسینے بہائیں گے، مصباح الحق میڈیا کو پلان بتائیں گے۔ پاکستان کے دونوں ٹور میچ بے نتیجہ ختم ہوئے، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزا کارکردگی سے اچھی امیدیں ہیں، سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اکیس نومبر سے بریسبین میں ہی شروع ہو گا۔