Official Web

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے 7 افراد جاں بحق

اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شمالی علاقہ جات میں 4 انچ تک برف باری ہوئی ہے جب کہ مختلف حادثات و واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

موسم سرما کے آغاز پر ہی بالائی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھ گئی، بالاکوٹ و گردونواح میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، وادی کاغان میں برفباری کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے اور ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک پرمزید چار انچ تک برفباری ہوچکی ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں گرج چمک اورتیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ برقرار ہےاور درجہ حرارت 4 ڈگری تک گرگیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اورژالہ باری کاسلسلہ اگلے 24گھنٹے جاری رہے گا۔

سوہاوہ شہر و گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے جس سے خنکی میں اضافہ ہوگیا ہے اورتیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔

لوئر کوہستان کی علاقوں پٹن ، دوبیر ، کیال ، ججال اور بنکڈ میں بھی دو روز سےبارش کا سلسلہ برقرار ہے جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

دوسری جانب ہٹیاں بالا میں سڑک خراب ہونے کے باعث جیپ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ داؤکھن اور ریشیاں کے درمیان شیڑگلی کے مقام پرپیش آیا، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر شہدادکوٹ میں بارش کے باعث کالو فقیر محلہ میں گھر کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹی دب کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مریم خاتون اور ان کی 6 سالہ بیٹی سمیرہ مگسی شامل ہے۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی مطلع ابرآلود ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ تیز ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا ہے۔

جمعہ کی صبح کورنگی ، نارتھ ناظم آباد ، گلشن اقبال ، اورنگی ٹاؤن ، گولیمار، سائٹ ایریا ، شاہراہ فیصل ، بلوچ کالونی ، محمودآباد اور منظور کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بونداباندی ہوئی۔

%d bloggers like this: