Official Web

اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری، شہادتیں 24 ہو گئیں

غزہ:  اسرائیل کی طرف سے جہاد اسلامی کے کمانڈر بہاء ابو عطا کو اہلیہ سمیت شہید کرنے کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالات کشیدہ ہو گئے ہیں، غزہ کے محکمہٴ صحت نے مزید دس فلسطینیوں کی اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ دو روز کے دوران شہادتیں 24 ہو گئی ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق غزہ کے محکمہ صحت نے مزید 10 فلسطینیوں کی اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ غزہ پٹی میں ہونیوالی شہادتیں 24 تک پہنچ گئی ہیں۔ گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملوں میں آٹھ فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

دوسری طرف اسلامی جہاد نامی تنظیم کے راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری ہے اور ڈھائی سو سے زائد راکٹ داغے جا چکے ہیں۔ اسرائیل میں ان راکٹوں سے کسی جانی و مالی نقصان کو رپورٹ نہیں کیا گیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ اب تک اسرائیل کی طرف سے متعدد فضائی حملے کیے جا چکے ہیں، ان حملوں میں زرعی زمین، پولٹری اور سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ 48 کے قریب گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے اہم کمانڈر شہید

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرا کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں کے دوران دو شہری بھی شہید ہوئے ہیں، یہ حملے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں کیے گئے، دو دن سے جاری حملوں کے دوران 24 افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ 69 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل کی طرف سے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسرائیل فوری طور پر حملے روکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان حملوں کے بعد عالمی برادری کو امن کے لیے آگے آنا ہو گا اور بڑا واضح کردار ادا کرنا ہو گا اور اسرائیل کو واضح کرنا ہو گا کہ جنگ کے بارے میں عالمی قوانین کی پابندی کرے۔

اُدھر مصری حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں اقوام متحدہ کے سفیر نکولے مصر پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ مصری صدر عبد الفتح الیسیسی سے ملاقات کریں گے اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی پر بات چیت کریں گے۔

دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم جنگ کے لیے تیار ہیں اور اسلامک جہاد کے ٹھکانوں پر مزید بمباری کریں گے کیونکہ ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں ہے۔

یاد رہے کہ جہاد اسلامی کے کمانڈر بہاء ابو عطا کے غزہ میں گھر پر اسرائیلی نے بمباری کی اس حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی نے کمانڈر اور انکی اہلیہ شہید ہو گئے تھے۔