Official Web

مولانا آئین اور جمہوریت کے منافی مطالبے کرکے نظام کو نقصان نہ پہنچائیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولانا آئین اور جمہوریت کے منافی مطالبے کرکے نظام کو نقصان نہ پہنچائیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولانا آپ اور آپ کے ہم نواء جبری تسلط کی منفی سوچ ترک کریں اور جمہوری رویہ اپنائیں، آپ کو رنج ہے کہ ملک میں چند خاندانوں کے بجائے پہلی بار حقیقی عوامی راج کیوں قائم ہوا، آپ کی پریشانی یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان معیشت درست سمت میں ڈال کر عوام کا روزگار اور کاروبار چلانا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا مظلوم ورکروں کو اپنی پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں، انہیں بے رحم سرد موسم کے حوالے کرنے کے بجائے باعزت گھر واپسی کی آزادی دیں، غریبوں کے بچوں، بزرگوں کی صحت اور سلامتی خطرے میں نہ ڈالیں، آئین اور جمہوریت کے منافی مطالبے کرکے نظام کو نقصان نہ پہنچائیں، مولانا 4 سال صبر فرمائیں اور مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرکے 10 سال کشمیر کمیٹی کے بطور چیئرمین پروٹوکول لینے کا قرض اتاریں۔