Official Web

میاں‌ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلے گا یا نہیں ؟ فیصلہ آج ہوگا

اسلام آباد:  شہباز شریف سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے گئے۔ سابق وزیراعظم کے ائیر ٹکٹ منسوخ کر کے نئی بکنگ کرا لی گئی ہے۔

تفصیل کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ پھر ایک دن کیلئے لٹک گیا ہے۔ فیصلہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کرے گی۔ اجلاس وزیر قانون فروغ نسیم کی صدارت میں ہو گا، اس سلسلے میں فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

نوٹسز درخواست گزار شہباز شریف، نیب، سیکرٹری صحت پنجاب اور میڈیکل بورڈ کو جاری کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں شہباز شریف کی نمائندگی لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ اور ڈاکٹر عدنان کریں گے۔

اس سے پہلے نیب نے سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے بال وزارت داخلہ کے کورٹ میں پھینک دی تھی۔ وزارت داخلہ کو جوابی خط میں نیب نے موقف اپنایا کہ نواز شریف سزا یافتہ اور چودھری شوگر ملز کیس میں زیر تفتیش ہیں۔ انسانی بنیادوں پر نواز شریف کی درخواست ضمانت کی مخالفت نہیں کی، تاہم ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی حمایت کرتے ہیں نہ ہی مخالفت، نیب کے کئی ملزموں کے نام وفاقی حکومت نے پوچھے بغیر نکالے، اس لئے نواز شریف کی درخواست پر بھی وزارت داخلہ خود فیصلہ کرے۔

ادھر ای سی ایل کا معاملہ حل نہ ہونے پر نواز شریف کی لندن کیلئے بک کرائی گئی سیٹیں منسوخ کر دی گئیں۔ سابق وزیراعظم نے سوموار کو نجی ائیر لائن سے براستہ دوحہ لندن روانہ ہونا تھا۔

نواز شریف کی منگل کو لندن روانگی کے ٹکٹ منظر عام آ گئے ہیں۔ دوسری طرف لندن کے ایک نجی ہسپتال میں نواز شریف کو داخل کرانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ لندن میں پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اس ہسپتال میں داخل کرایا جائے گا جہاں وہ ماضی میں بھی زیرِ علاج رہ چکے ہیں۔