Official Web

ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن، پاکستانی روپیہ مستحکم ہوا: مشیر خزانہ

اسلام آباد:  مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تجارتی خسارے میں بدستور کمی ہو رہی ہے۔ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن، ڈالر کے ذخائر بڑھ رہے ہیں اور روپیہ مستحکم ہوا ہے۔

اسلام آباد میں دیگر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال بعد پاکستانی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا جبکہ ایف بی آر کے محصولات میں بھی 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بہتری آ رہی ہے۔ حکومت نے سٹیٹ بینک سے گزشتہ 4 ماہ سے کوئی قرض نہیں لیا بلکہ سابق حکومت کا لیا گیا قرض واپس کیا۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے وعدے پورے کیے اور دوسری قسط ینے کی تجویز دی جبکہ صدر آئی ایم ایف نے پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کیے۔ حکومت مجموعی قومی خسارے میں کمی لائی ہے۔ ہم نے پچھلی حکومتوں کا دو اعشاریہ ایک ارب ڈالر قرض واپس کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے 30 ارب روپے اضافی مختص کیے۔ گھروں کی تعمیر کرنیوالے اداروں کو ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔ برآمد کنندگان کیلئے قرض کی مد میں 100 ارب مزید رکھے گئے ہیں۔ ٹیکس ریفنڈ کی مد میں 30 ارب جبکہ گردشی قرضوں کی مد میں 250 ارب روپے دینے کا فیصلہ کیا۔