Official Web

مولانا اگر ٹائم پاس کررہے ہیں تو ہم بھی ایسا ہی کررہے ہیں، پرویز خٹک

اسلام آباد: آزادی مارچ کے حوالے سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ وہ مذاکرات کرکے ٹائم پاس کررہے ہیں تو ہم بھی ان کے ساتھ ٹائم پاس کر رہے ہیں۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان خوب گرما گرم بحث ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے اپوزیشن سے کہا کہ اگر آپ لوگ پاکستان کو بہتر بناتے تو عوام آپ کے ساتھ ہوتے، یہ تماشہ اب نہیں چلے گا، یہ ملک اب ایسے نہیں چلے گا، جمہوریت کی بات کرتے ہو تویہاں پارلیمنٹ میں بات کرو، پہلے مولانا کو اسمبلی میں لائیں اور پھر جمہوریت کی بات کریں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ دھرنے پہ بیٹھے رہو لیکن ملک کا نقصان نہ کرنا، مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ وہ جرگہ اور مذاکرات کرکے ٹائم پاس کررہے ہیں تو ہم بھی آپ کے ساتھ ٹائم پاس کر رہے ہیں، کیا کرسکتے ہو۔

پرویز خٹک نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن دھرنے میں بیٹھے ہیں اور بات نہیں کرتے ہیں بلکہ کہتے ہیں کہ ہم الیکشن نہیں مانتے، میں نے یہ سب تماشے دیکھے ہیں، انہی لوگوں نے بھٹو کو گرایا اور نواز شریف کی حکومت بھی ختم کی؟ انہوں نے ہی مل کر سب کو گرایا ۔