Official Web

نواز شریف کی طبیعت بہت خراب ہے، علاج کے لیے فوراً باہر بھیجنا چاہیے، مریم نواز

لاہور: مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، انہیں علاج کے لیے فوراً باہر بھیجنا چاہیے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں تاہم نواز شریف کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی جس کو عدالت نے منظور کرلیا جب کہ یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 22 نومبر تک توسیع کردی۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، صاحب زادی مریم نواز اور یوسف عباس کو 22 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، انہیں علاج کے لیے فوراً باہر بھیجنا چاہیے۔