Official Web

منتخب حکومت کے استعفے کا مطالبہ قبول نہیں، چودھری پرویز الہیٰ

اسلام آباد:  سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ منتخب حکومت کے استعفے کا مطالبہ قبول نہیں، اس کے علاوہ ہر معاملے پر بات ہو سکتی ہے۔ باقی معاملات پر کافی پیشرفت ہوئی ہے۔ حتمی نتیجے پر جانے کیلئے دو چیزیں رہ گئی ہیں۔ کوشش ہے جلد ازجلد یہ چیزیں حل ہو جائیں۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ آزادی مارچ مولانا فضل الرحمان کی بڑی کامیابی ہے۔ لوگوں کی نظروں میں وہ اپوزیشن لیڈر ہیں۔ یہ واحد دھرنا ہے جس میں املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔ آزادی مارچ کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔ ثابت ہو گیا ہے کہ لڑائی جھگڑے کے بغیر بات منوائی جا سکتی ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو بتا دیا ہے کہ جو دھرنے سے حاصل کر لیں گے، وہ فیس سیونگ ہوگی۔ نظام ختم ہوا تو مولانا فضل الرحمان کا بھی نقصان ہوگا۔ استعفے کے علاوہ دیگر معاملات پر جو چاہیں گارنٹی دے سکتے ہیں۔ وزیراعظم جوڈیشل کمیشن بنانے پر تیار ہیں۔ جس حلقے کا کہیں گے عدالتی کمیشن بنا دیا جائے گا۔

چودھری پرویز الہیٰ نے بتایا کہ بہتر نتائج کیلئے بار بار ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں مذاکرات میں چودھری شجاعت ساتھ ہوں۔ رہبر کمیٹی کو مولانا فضل الرحمان بریف کرتے ہیں جبکہ حکومتی کمیٹی کو میں بریف کرتا ہوں۔ اپنی اپنی جگہ ہم سب رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اصلاحاتی ایجنڈا لائے حکومت تیار ہے۔ وزیراعظم نے اصلاحات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ حکومت مشترکہ قانون سازی کیلئے بھی تیار ہے۔ ہم تو چاہتے ہیں معاملہ کل حل ہو جائے۔