Official Web

آزادی مارچ 2 روز کے بعد نیا رخ اختیار کرے گا، اکرم درانی

اسلام آباد: رہبر کمیٹی کے رکن اور رہنما جے یو آئی (ف) اکرم درانی کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ 2 روز کے بعد نیا رخ اختیار کرے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن رہبر کمیٹی کے رکن اکرم درانی کا کہنا تھا کہ افسوس ہے موسم کے حوالے سے معلوم تھا اور مناسب انتظامات نہیں کیے گئے تاہم کارکن پر عزم ہیں اور ایک ماہ بھی دھرنے میں رہنے کو تیار ہیں جب کہ رہبر کمیٹی کی طرف سے دھرنے کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

رہنما جے یو آئی (ف) اکرم درانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے چوہدری پرویز الہٰی سے کہا کہ جو فیصلہ ہوگا رہبر کمیٹی کے ممبران کے زریعے ہی ہوگا، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے استعفیٰ کا، استعفیٰ دیں تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ 2 روز کے بعد نیا رخ اختیار کرے گا، تمام جماعتوں نے اتفاق کیا ہے حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے، حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز ہیں تاہم مناسب وقت پر رہبر کمیٹی اپنے فیصلوں سے آگاہ کرے گی۔