Official Web

داعش کے سربراہ ابو بکرالبغدادی کی بہن گرفتار

استنبول: ترکی نے حال ہی میں ہلاک کیے جانے والے داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی بہن کو گرفتار کرلیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ابوبکر البغدادی کی بہن 65 سالہ رسمیہ اواد کو پیر کی رات کی جانے والی کارروائی میں گرفتار کیا گیا۔

داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں ہلاک

ابوبکر البغدادی کی بہن کو شام کے شہر حلب سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں جو گزشتہ ماہ کی کارروائی کے بعد اب ترکی کے زیر کنٹرول ہے۔

ترک حکام کا کہنا ہےکہ ابوبکر البغدادی کی بہن کی گرفتاری داعش سے متعلق مزید معلومات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں ایک ترک عہدیدار نے بتایا کہ ابوبکر البغدادی کی بڑی بہن کی گرفتاری داعش کے کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

ایک اور ترک عہدیدار نے مزید بتایا کہ بغدادی کی بہن کو ایک ٹرالر سے پکڑا گیا جہاں وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھی، سمیہ اواد سے داعش سے متعلق تحیققات کی جارہی ہیں۔

ترک حکام کا کہنا ہےکہ بغدادی کی بہن انٹیلی جنس کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔

برطانوی ادارے کے مطابق نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ابوبکرالبغدادی کے کئی بہن بھائی ہیں تاہم یہ بات واضح نہیں کہ وہ اب بھی حیات ہیں۔

داعش نے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی، نئے سربراہ کا بھی اعلان

واضح رہےکہ گزشتہ ماہ شام کے شمال مغرب میں امریکی اسپیشل فورسز کے آپریشن کے دوران ابو بکرالبغدادی نے خودکش دھماکے سے خود کو ہلاک کیا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے 27 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا اعلان کیا۔