Official Web

توہین عدالت کیس: فردوس عاشق کی معافی کی استدعا مسترد

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے توہین عدالت کیس میں ایک بار پھر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی زبانی طور پر غیر مشروط معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تفصیلی تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں فردوس عاشق اعوان عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔

فردوس عاشق نے توہین عدالت پر معافی مانگ لی، عدالت نے نیا نوٹس جاری کر دیا

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ میرے بارے میں کچھ بھی کہیں، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، بارکے سینئر عہدیدار نیاز اللہ نیازی کی درخواست پر دھرنے میں گرفتار افراد کی درخواستیں اتوار کو سنی گئیں اور اس عدالت نے دھرنے کے دوران گرفتاریوں سے روک دیا تھا۔

فردوس عاشق نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ میں نے دھرنے کے بعد پی ٹی آئی جوائن کی تھی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے صرف قانون کے مطابق چلنا ہوتا ہے، عدالت نے کسی ایک فریق کی حمایت نہیں کرنی ہوتی، ہر جج نے اللہ کو حاضر ناظر جان کر حلف اٹھا رکھا ہے، سنگین جرم یا دہشت گردی کے ملزم کو بھی فیئر ٹرائل کا حق ہے۔

دورانِ سماعت فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں ایک بار پھر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتی ہوں۔

اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نے کہا کہ ہفتے تک تحریری جواب داخل کرا دیں پھر پیر کو سماعت رکھ لیتے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ عدالتوں کو پریشرائز کرنے کے لیے وزرا نے کہا کہ ڈیل ہو گئی ہے، اس پر معاون خصوصی نے کہا کہ 20 سالہ کیریئر میں کبھی عدلیہ سے متعلق بات نہیں کی۔

فردوس عاشق اعوان کے وکیل نے آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنا کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ حاضری سے استثنا نہیں دے رہے، ان کے یہاں آنے کا اور بھی فائدہ ہے۔

ٹاک شو میں فردوس عاشق اور ارشاد بھٹی کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے

بعد ازاں عدالت نے فردوس عاشق اعوان کی زبانی طور پر غیر مشروط معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر تفصیلی طور پر جواب داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے پیر تک ملتوی کردی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عدالت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ملزم کو خصوصی رعایت دینے کے لیے شام کے وقت عدالت لگائی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فردوس عاشق اعوان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس پر معاون خصوصی نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی تھی اور عدالت نے وہ معافی قبول کرتے ہوئے شوکاز نوٹس واپس لے لیا تھا۔