Official Web

واٹس ایپ کا پیمنٹ فیچر متعارف کرانے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کے مالک زکربرگ کا کہنا ہے کہ جلد واٹس ایپ پیمنٹ فیچر متعارف کرا دیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک تقریب کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں سروسز دستیاب ہیں وہاں جلد ہی فیچر متعارف کرادیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک کے مالک کی طرف سے حتمی وقت ابھی تک نہیں دیا گیا، البتہ انہوں نے اشارہ ضرور دیا کہ فیس بک اس فیچر کی آزمائش ضرور کر رہا ہے۔

تقریب کے دوران ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت میں پیمنٹ ادائیگی کے فیچر پر کام کررہے ہیں کیونکہ گزشتہ دنوں مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی کہ بھارت میں واٹس ایپ بزنس ورژن کے صارفین کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پیغامات کی رازداری، واٹس ایپ کا فنگر پرنٹ لاک متعارف

یاد رہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کرچکی ہے، صارفین کو متاثر کرنے اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کمپنی کی جانب سے آئے روز نت نئے فیچر متعارف کرائے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہمارا بھیجا گیا پیغام تبدیل ہو سکتا ہے‘ واٹس ایپ کی بڑی خامیاں عیاں

واضح رہے کہ سوشل میڈیا کی مشہور ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے پیغامات کی رازداری اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے حال ہی میں بڑا اقدام اٹھایا ہے۔

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے فنگر پرنٹ لاک متعارف کرایا ہے جو کہ صارفین کی اضافی سکیورٹی اور پیغامات کی حفاظت کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ صارفین واٹس ایپ کے اپ ڈیٹڈ ورژن کو اپنے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ کر کے اس فیچر کو استعمال کر سکیں گے۔

’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کی ابتداء میں ہم نے واٹس ایپ صارفین کو اضافی سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے آئی فون صارفین کے لیے ٹچ آئی ڈی اور فیس آئی ڈی متعارف کرایا تھا۔