Official Web

مقبوضہ کشمیرمیں گرنیڈ حملہ، ایک شخص ہلاک، پولیس اہلکاروں سمیت 34 افراد زخمی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی سبزی منڈی میں نامعلوم افراد گرنیڈ پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پیرا ملٹری پولیس کے 3 اہلکار سمیت 34 شہری زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہری سنگھ اسٹریٹ پر واقع سبزی منڈی میں گرنیڈ حملہ کیا گیا ہے، حملہ اس وقت کیا گیا جب مارکیٹ میں گاہکوں کا ہجوم تھا، حملے کی زد میں آکر 1 شخص ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں پیرا ملٹری پولیس فورس کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں۔ 15 دنوں میں یہ تیسرا گرنیڈ حملہ ہے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

یہ خبر پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں پھلوں سے لدے ٹرکوں پر فائرنگ سے 2 ڈرائیور ہلاک

گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو سوپور میں بس اسٹینڈ پر ہونے والے گرنیڈ حملے میں 20 شہری زخمی ہوگئے تھے، 12 اکتوبر کو ایک مارکیٹ پر گرنیڈ حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ 26 ستمبر کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس پر ہونے والے گرنیڈ حملے میں 6 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں گرنیڈ حملے میں 20 شہری زخمی

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے پھلوں کے تاجروں اور سبزی کے تھوک فروشوں پر حملوں میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 25 اکتوبر کو پھلوں کی ترسیل پر مامور ٹرکوں کے 2 ڈرائیوروں کو ہلاک اور ایک زخمی کردیا گیا تھا جب کہ ٹرکوں کو آگ لگادی گئی تھی۔

%d bloggers like this: