Official Web

تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی

رحیم یار خان: لیاقت پور کے قریب گیس سیلنڈر  پھٹنے سے  تیز  گام ایکسپریس کی بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 27 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ حادثے میں  متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

جیونیوز کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں حادثہ گیس سلینڈر پھٹنے سے حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 27 افراد جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہوئے۔

ڈی پی او رحیم یار خان جمیل احمد نے  حادثے میں 27 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے 13 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور اور بہاول پور کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔

دھماکا سلینڈر پھٹنے سے ہوا: ریلوے حکام

سی ای او ریلوے اعجاز احمد کے مطابق مسافر ٹرین میں سلینڈر دھماکے سے تین بوگیوں کو آگ لگی جس میں دو اکنامی اور ایک بزنس کلاس بوگی شامل ہے جب کہ حادثے سے کوئی ٹریک متاثر نہیں ہوا اور ٹرینیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔

ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3،4،5  میں لگی، تینوں متاثرہ بوگیوں کے زیادہ تر ٹکٹس ایک ہی مسافر کے نام پر بک کرائےگئےتھے جس وجہ سے انفرادی نام نکالنےمیں مشکل ہورہی ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق متاثرہ ٹرین سےجلی ہوئی بوگیاں الگ کرکے ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔

شیخ رشید نے تیز گام ایکسپریس کے حادثے کو مسافروں کی غلطی قرار دیدیا

جیونیوز سے گفتگو کے دوران شیخ رشید نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ٹرین کی تین بوگیاں متاثر ہوئیں، لوگ اجتماع پر جا رہے تھے، مسافروں کے دو سلینڈر پھٹنے کے باعث بوگیوں میں آگ لگی اور زیادہ تر ہلاکتیں مسافروں کے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں لہٰذا شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے، مسافروں نے ناشتہ بنانے کے لیے سلینڈر جلایا جس کے بعد چلتی ٹرین میں آگ لگ گئی۔

شیخ رشید نے کہا کہ مسافر ٹرین میں سلینڈر کیسے لے کر پہنچے اس کی تحقیقات کی جائے گی، مسافر چولہے اپنے تھیلے میں رکھ دیتے ہیں اور قانون سے نہیں ڈرتے، کراچی سے مسافر سلینڈر لے کر چڑھے تو نوٹس لیں گے، چھوٹے اسٹیشنوں پر اسکینر کا نظام موجود نہیں لہٰذا تحقیقات کریں گے کہ مسافر سلینڈر لیکر کون سی اسٹیشن سے چڑھے۔

وزیراعظم کا اظہار تعزیت

وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے بھی حادثے پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعاہے۔