Official Web

افغان فوج پر طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 5 اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 5 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جب کہ 8 اہلکاروں کو اغوا کر کے لے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندوز میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا۔ جنگجوؤں اور اہلکاروں کے درمیان گھمسان کی جھڑپ ہوئی۔ اس دوران افغان فوج کے 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

طالبان جنگجو کامیاب کارروائی کے بعد 8 افغان فوجی اہلکاروں کو قیدی بنا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔ قندوز کے کئی علاقوں پر طالبان کا قبضہ ہے جسے واگزار کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ خبر پڑھیں: امریکا کا افغانستان میں طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ، 80 جنگجو ہلاک

افغان وزارت دفاع نے طالبان کے حملے میں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں طالبان جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کو آخری مرحلے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک بند کرنے کے بعد سے افغانستان میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے۔