آزادی مارچ رواں دواں: کل اسلام آباد کے اسکول بند رکھنے کا فیصلہ

جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کے تمام پرائیویٹ اسکول کل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کا قافلہ رواں دواں ہے۔

آزادی مارچ کے شرکاء نے رات مینار پاکستان کے سبزہ زار میں گزاری جب کہ مولانا فضل الرحمان وحدت روڈ پر قیام پذیر ہیں۔

آزادی مارچ کے شرکاء نے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں بریانی، نان چنے اور چائے سے ناشتہ کیا اور اب قافلہ کچھ دیر میں گجرانوالہ کے لیے روانہ ہو گا۔

آزادی مارچ کے شرکاء کل اسلام آباد پہنچیں گے جس کے باعث وفاقی دارالحکومت کے نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکریٹری پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید کا کہنا ہے کہ دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد کے تمام پرائیویٹ اسکول کل بند رہیں گے۔

عبدالوحید خان نے کہا کہ دھرنے کے باعث بچوں کی حفاظت کے لیے اسکولوں میں چھٹی کا فیصلہ کیا گیا۔

صدر پرائیویٹ اسکولز زعفران الہی نے کہا کہ اسلام آباد میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کل شام کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے اسلام آباد میں اسکول کب سے کھولنے ہیں۔