Official Web

حکومت مخالف مظاہرے، لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے استعفیٰ دیدیا

بیروت:  غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنانی وزیراعظم سعد حریری نے ملک میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے پیش نظر استعفیٰ دیا۔

سعد حریری نے اپنے استعفے کا اعلان قوم سے مختصر خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہو رہا ہوں اور اپنا استعفیٰ صدارتی محل جا کر صدر کے حوالے کروں گا۔ صدر اپنے صوابدیدی اختیار کے مطابق اس پر فیصلہ کریں۔

خیال رہے کہ لبنان میں گزشتہ تیرہ روز سے عوام سڑکوں پر ہیں۔ ان مظاہروں کا آغاز حکومت کی جانب سے ٹیکس میں اضافے اور خراب معیشت کی وجہ سے ہوا۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے واٹس ایپ ویڈیو کال پر ٹیکس لگانے کا اعلان بھی مظاہروں کی وجہ تھی۔

18 اپریل 1970ء کو پیدا ہونے والے سعد حریری کا شمار لبنان کے کامیاب سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ وہ دسمبر 2016ء سے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان تھے۔ اس سے قبل انہوں نے نومبر 2009ء سے جون 2011ء تک بھی ملک کی باگ دوڑ سنبھالی۔