Official Web

چین کا ایک بار پھر ایف اے ٹی ایف پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان

بیجنگ: چین نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کی ہر سطح پر حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رکن ممالک سیاسی ایجنڈے کی بنیاد پر پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرانے کی کوششیں ترک کردیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق چین کے ایشیائی امور سے متعلق پالیسی ساز محکمے کے ڈائریکٹر جنرل ہاؤ وین نے میڈیا سے گفتگو میں ایک بار پھر واضح کیا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں کرانے کی چند رکن ممالک کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چین پاکستان کو بلیک لسٹ میں نہ ڈالنے کے موقف پر ڈٹا ہوا ہے۔

ہاؤ ین نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے چند ممبر ممالک پاکستان کے خلاف سیاسی ایجنڈہ رکھتے ہیں اور چین ہر قسم کے سیاسی ایجنڈے کی مخالفت کرتا ہے، اس حوالے سے چین امریکا اور بھارت کو اپنے دوٹوک موقف سے آگاہ بھی کرچکا ہے۔
یہ خبر پڑھیں: ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی بھارتی کوششیں ناکام

ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف ایک ادارہ ہے جس کا مقصد کسی بھی ملک کو بلیک لسٹ کرنا نہیں ہے، بلکہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کے معاملات پر ممالک کی مدد کرنا ہے اور اس تناظر میں تو پاکستان کی نیشنل ایکشن پلان اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوششیں دوست ممالک اور حکومت کے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیخلاف اقدامات کے باعث خاک میں مل گئی ہیں اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھ کر مزید مہلت دیدی تھی۔