Official Web

سمندری طوفان ‘کیار’ بپھرنے لگا، کراچی کی ساحلی پٹی میں پانی داخل ہوگیا

کراچی:  سمندری طوفان ‘کیار’ بپھرنے لگا، کراچی کی ساحلی پٹی میں پانی داخل ہوگیا جس سے ریڑھی گوٹھ اور لٹھ بستی کے 185 گھر متاثر ہوئے، طوفان کراچی کے ساحل سے 860 کلو میٹر دور ہے، شہر قائد سمیت سندھ میں آج سے بدھ تک بارش کا امکان ہے۔

پانی ابراہیم حیدری کی لٹھ بستی کے 185 گھروں میں داخل ہوگیا۔ طوفان کے باعث ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 500 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا تھا تیز ہواؤں کے باعث پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوا۔

پیپلز پارٹی کے ایم این اے آغا رفیع اللہ نے بتایا کہ طوفان سے متاثرہ افراد کیلئے عارضی کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ ایدھی حکام کا کہنا ہے ابراہیم حیدری کے اطراف میں اب سیلابی صورتحال نہیں۔ بحیرہ عرب میں آنیوالا طوفان کراچی کے ساحل سے 860 کلو میٹر دور ہے تاہم اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے بحیرہ عرب میں اب تک اٹھنے والوں طوفانوں میں یہ سب سے طاقتور طوفان ہے، طوفان کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ اور مکران کے کئی اضلاع میں آج آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔