Official Web

مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک نہتے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان کا قوم کے نام جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ اس تقریر کا مقصد کشمیریوں کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبے اور ان میں بسنے والے تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی عوام جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان ہر فورم پر آپ کو سپورٹ کرے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نےکشمیریوں کواستصواب رائے کا حق دیا لیکن آج کے دن کشمیر کےعوام سے دھوکا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کرفیو لگا کر کشمیریوں کے بنیادی حقوق ختم کر دیئے گئے ہیں۔ کسی کو نہیں پتا کہ کشمیری کس حال میں ہیں؟

انہوں نے کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں ایک بار پھر عزم دہرایا کہ میں دنیا میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کا سفیر بنوں گا۔ اس معاملے میں صرف میں ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان ان کیساتھ کھڑا ہے۔ ہم نے دنیا کے تمام لیڈروں کوکشمیرمیں ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا ہے۔ ہمیشہ کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ایسے بیان سنتا ہوں کہ کشمیر میں جہاد کے لیے نوجوان بھیجنے چاہیں تو ایسی بات کرنے والے کشمیری اور پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں۔ نریندر مودی کی حکومت یہی چاہتی ہے کہ کسی طرح حالات کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا دیا جائے۔ اس نے 9 لاکھ فوج کشمیر میں دہشت پھیلانے کے لیے رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بار بار کہتا ہوں، یہ سیاسی تحریک ہے۔ ہم نے کشمیریوں کی سفارتی اور سیاسی طور پر مدد کرنی ہے۔ کشمیریوں کا سفیر ہوں، اب ترجمان بھی بنوں گا۔

%d bloggers like this: