Official Web

ناردرن نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا، بلوچستان کی ٹیم 115رنز پر ڈھیر

لاہور:  ناردرن نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا، فائنل معرکے میں بلوچستان کی ٹیم 168رنز کے تعاقب میں 115رنز پرڈھیر ہوگئی، عمر امین نے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سہیل تنویر نے تین کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔

ناردرن نے ٹی 20 کپ کا معرکہ جیت لیا، فائنل میں بلوچستان کو شکست کا سامنا، بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ عمر امین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ 38 گیندوں پر 60 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ محمد نواز نے 31، شاداب خان25 اور علی عمران کے 16رنز کی بدولت  ناردرن نے 167رنز بنائے۔ عماد بٹ اور حسین طلعت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

168 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 14رنز پر 2بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ عمران فرحت کے 32، اویس ضیا 28، عماد بٹ 13اور حسین طلعت کے11 رنز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکا۔ بلوچستان کی پوری ٹیم 18 اعشاریہ 2 اوورز میں 115 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ناردرن کے سہیل تنویر 3، شاداب خان اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

عمر امین کو جارحانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فائنل میچ کے دوران پہلی اننگز کے اختتام پر رنگ رنگا تقریب بھی ہوئی جس میں گلوکارہ آئمہ بیگ کی پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے۔ فائنل میچ میں اقبال سٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا رہا۔