Official Web

رانجھا رانجھا کے ’بھولے‘ کی فلم میں انٹری

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت اداکار عمران اشرف نے حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ میں ’بھولے‘ کا کردار نبھاتے ہوئے بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے اور لوگوں کے دل جیت لیے۔

اداکار عمران اشرف نے اپنے مداحوں کو ایک خوشخبری سنائی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اب سلور اسکرین پر ڈیبیو کے لیے تیار ہیں اور امید ہے کہ وہ سلور اسکرین پر بھی اپنی بہترین اداکاری دکھا کر سب کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام عمران اشرف

عمران اشرف اپنی ڈیبیو فلم ’دم مستم‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گے جو آئندہ سال ریلیز کی جائے گی۔

فلم’دم مستم‘ میں الف اللہ اور انسان ڈرامے کے باکمال اداکار عمران اشرف کے مدمقابل پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اسٹار اَمر خان ہوں گی۔

عمران اشرف کی ڈیبیو فلم ’دم مستم‘ کی ہدایت کاری معروف فلم ’سپر اسٹار‘ کے ہدایت کار احتشام الدین کریں گے اور فلم کے پروڈیوسر عدنان صدیقی ہیں۔

’دم مستم‘ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہوگی جس کی کہانی اس فلم کی ہیروئن امر خان نے ہی لکھی ہے۔

امر خان کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھے ابھی کچھ زیادہ وقت نہیں ہوا، اداکارہ حال ہی میں جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’دل گم شدہ‘ میں بھی اداکاری کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

فوٹو: بشکریہ امر کان انسٹاگرام

عمران اشرف نے اپنی ڈیبیو فلم کی خبر مداحوں سے انسٹاگرام  اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ شروع کرتے ہیں اللہ کے نام سے، میری پہلی فلم۔‘  ساتھ ہی انہوں نے فلم کی چند کاسٹ کا بھی ذکر کیا جس میں سہیل احمد، سلیم معراج، عدنان شاہ ٹیپو اور دیگر لوگ بھی شامل ہیں۔

عمران اشرف نے جیسے ہی انسٹاگرام پر اپنی سلور اسکرین پر انٹری کی خبر سنائی تو ان کے مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی فلم کی کامیابی کے لیے انہیں دعائیں بھی دیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب 

بھولا کے مداحوں کا ان کے لیے نیک خواہشات کا سلسلہ تا حال جاری ہے  اور انہیں عمران اشرف کی فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔