Official Web

وزیراعظم کی نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ٹیلی فون کرکے سابق وزیراعظم نواز شریف کیلئے ہر ممکن طبی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے وزیراعظم کو اسپتال میں نواز شریف کیلئے سہولیات سے آگاہ کیا جب کہ عمران خان نے نواز شریف کے ذاتی معالج سے بھی رابطے میں رہنے کی ہدایت کر دی۔

نواز شریف کی حالت بہتر، پلیٹیلیٹس کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو محکمہ صحت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔

وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی صحت یابی کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے نوازشریف کےخاندان کی مرضی کے مطابق علاج کی بہترین سہولیات دی جائیں۔

سروسز اسپتال میں دوران علاج نواز شریف کے خون میں پلیٹیلیٹس کی تعداد 2 ہزار رہ گئی تھی جس کے بعد انہیں 3 میگا یونٹس پلیٹیلیٹس لگائے گئے۔ پلیٹیلیٹس لگنے کے بعد نواز شریف کے خون میں پلیٹیلیٹس کی تعداد 20 ہزار ہوگئی ہے۔

نواز شریف کا علاج سروسز اسپتال لاہور کے پرنسپل پروفیسر ایاز محمود کی سربراہی میں 6 رکنی میڈیکل بورڈ کر رہا ہے جس میں ڈاکٹر کامران خالد، ڈاکٹر عارف ندیم ،ڈاکٹر فائزہ بشیر، ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ڈاکٹر ثوبیہ قاضی شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ سینئر میڈیکل اسپیشلسٹ، گیسٹرو انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اسپیشلسٹ اور فزیشن پر مشتمل ہے۔