وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کرپشن فری ہوجائے گا، چیئرمین نیب

کراچی:  چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے صرف ڈھیل دی، ڈیل نہیں کی، نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں، جو سمجھتے تھے انہیں کوئی کچھ نہیں کہے گا آج جیلوں میں ہیں۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام کو لوٹنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز یا بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکتے، غریب عوام کو لوٹنے والے مافیا کے اختتام کا وقت قریب ہے، کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں، غریب کی لوٹی دولت واپس کرنا ہوگی، غریب عوام کی خواہشات کو بیچنے والے سمجھتے ہیں بری الذمہ ہوگئے، ہمارے راستے میں جو بھی رکاوٹ آئی اسے عبور کریں گے۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے کرپشن ختم ہو جائے گی، جہاں وسائل کم تھے وہاں بھی لوٹ مار کی گئی، کرپشن کے خاتمے کیلئے عوام کے تعاون کی بھی ضرورت ہے، کرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں، چند ماہ میں 4 ارب کی ریکوری صرف سندھ سے کی، سب سے پہلے اپنے گھر کو صاف کرنا مقصود تھا، نیب میں کسی قسم کی کرپشن کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔