Official Web

اداروں کے خلاف تقریر پر مولانا فضل الرحمن کے خلاف کارروائی کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداروں کے خلاف تقریر کرنے پرمولانا فضل الرحمن کے خلاف کارروائی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کرمسترد کردی۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف فوج مخالف تقریر پر کارروائی کی درخواست کی سماعت کی۔

شہری شاہجہان خان نے درخواست میں مولانا فضل الرحمان، وفاق، چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین پیمرا کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تقاریر اور ان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کی جائے، وزیراعظم آفس سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ابھی تک مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا؟۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ مجھے بتائیں ہمیں کسی کو کیوں روکنا چاہیے، ہمارے بارے میں بھی بہت کچھ کہاجاتا ہے، ہمارے اپنے کردار ایسے ہونے چاہیے کہ کوئی ہمارے بارے میں ایسی بات نہ کرے، گلوبل ورلڈ ہے سوشل میڈیا کا دور ہے آپ کس کس کو روکیں گے، ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے۔