Official Web

فضل الرحمان کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی ہے جو جلد پھٹنے والا ہے،شیخ رشید

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی ہے لیکن یہ غبارہ جلد پھٹنے جارہا ہے۔

راولپنڈی میں تقریب سے کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں مہنگائی مسلم لیگ (ن) اور پی پی کی وجہ سے ہوئی ہے، نواز شریف اور آصف زرداری نے 5،5 سال تک کرپشن کی لیکن عمران خان نے معیشت کا پہیہ چلا دیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ استعفیٰ مانگنا صرف سیاسی نعرہ ہوتا ہے، مولانا فضل الرحمان سے کشمیر کا کوئی تعلق نہیں، وہ صرف سہولیات لینے کےلیے کشمیر کمیٹی میں رہے، وہ پہلی بارسیاسی جماعتوں کی قیادت کرنے جارہے ہیں۔ ان کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی ہے لیکن یہ غبارہ جلد پھٹنے جارہا ہے، لوگوں کو ڈنڈا بردار افراد کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ مولانا فضل الرحمان کو فیس سیونگ دے دینی چاہیے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف ، سعد رفیق اور خواجہ آصف اچھے انسان ہیں لیکن میرا شہباز شریف کے علاوہ کسی سے رابطہ نہیں، یہاں تک کہ چوہدری نثار سے بھی نہیں، امید ہے معاملات بہتر سمت جائیں گے۔

پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ مودی بہت خطرناک ہے، وہ ہندو بالادستی اور سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت چاہتا ہے،پاکستان کی سرحدوں پر کلسٹر بموں کا استعمال ہورہا ہے، میں جنگ دیکھ رہا ہوں، پاکستان کے پاس پاوَ اور آدھا پاوَ کے بم بھی ہیں۔