Official Web

نواز شریف کی حالت تشویش ناک، سروسز اسپتال منتقل

لاہور: سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو حالت تشویش ناک ہونے پر جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبیعت خراب ہونے پر نیب لاہور کی جانب سے میڈیکل چیک اپ کے لیے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم کی طبیعت ٹھیک نہیں اور انہیں تشویش ناک حد تک پلیٹ لیٹس کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

دریں اثنا نواز شریف کی طبیعت کی خرابی کا سن کر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نیب آفس کے باہر جمع ہوگئی۔ کارکنوں نے نواز شریف کے حق اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی بعدازاں اسپتال منتقلی کے بعد کارکنان اسپتال کے باہر پہنچ گئے۔

سروسز اسپتال کے ڈاکٹرز نے نواز شریف کا سی بی سی بلڈ ٹیسٹ کیا اور کہا کہ نواز شریف کی حالت خطرے سے باہر ہے انہیں ڈینگی کا مرض لاحق نہیں ہوا، بقیہ ٹیسٹ بعد میں کیے جائیں گے۔ جس کے بعد اسپتال کے کمرے کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔

 

اسپتال منتقلی کے دوران نواز شریف کی گاڑی میں شہباز شریف بھی موجود تھے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوگی۔

 

مریم اورنگزیب کا ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا گیا تو پلیٹ لیٹس 16 ہزار تک گرنے کی رپورٹ سامنے آئی لیکن اس رپورٹ کو ڈاکٹر عدنان سے بھی چھپایا گیا جو کہ نواز شریف سے گزشتہ تین ہفتے سے ملنے کی کوشش کررہے تھے، آج جب ڈاکٹر عدنان نے بلڈ ٹیسٹ کرایا تو صورتحال سامنے آئی اور ڈاکٹر عدنان نے بار بار نیب حکام سے کہا کہ نواز شریف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے لیکن نیب حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور انہیں چھ گھنٹے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب افسر عمران کے حکم پر انہیں منتقل نہیں کیا جارہا تھا، ہم نے میڈیا میں معاملہ اچھالا تو انہیں منتقل کیا گیا، اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو قوم اور کارکن کسی کو معاف نہیں کریں گے کیوں کہ علاج بنیادی حقوق ہیں۔

مریم اورنگزیب کو حکومت کا شکر گزار ہونا چاہیے، فردوس عاشق اعوان

دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کو حکومت کا شکر گزار ہونا چاہیے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرنا چاہیے، پلیٹ لیٹس کم آئی ہیں تب ہی تو اسپتال منتقل کیا ہے۔

%d bloggers like this: