Official Web

آصف زرداری کو استعمال کرکے خاندان پر دباوَ ڈالا جارہاہے، بلاول بھٹو زرداری

راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو استعمال کرکے خاندان پر دباوَ ڈالا جارہا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قیدیوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، عدالت نے آصف زرداری کو میڈیکل سہولتیں دینے کا حکم دیا، میڈیکل بورڈ کی سفارش پر انہیں اسپتال منتقل کرنے کا کہا گیا تھا، ہم اپنے انسانی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں جو ہر پاکستانی کا حق ہے، امید ہے کہ عدالت ہماری بات سنے گی اور انصاف دے گی، پیپلز پارٹی نے احتساب اور تفتیشی عمل پر کبھی اعتراض نہیں کیا، مبینہ جرم سندھ کا لیکن کیس پنڈی میں چلایا جا رہا ہے، آصف زرداری کو استعمال کرکے خاندان پر دباوَ ڈالا جارہا ہے، پیپلز پارٹی ظالموں کے آگے کبھی سر نہیں جھکائے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسا ملک چلانا کرکٹ میچ جیسا نہیں ہے، بدقسمتی سے یہ سیاسی نہیں کٹھ پتلی اور کھلاڑی ہیں، عمران خان نے پارلیمنٹ کو تالا لگا دیا ہے، زینب الرٹ بل کو بھی ایوان میں نہیں لایا گیا۔ پورے پاکستان سے سوالات اٹھ رہے ہیں، عوام اس نا اہل حکومت کوگھر بھیجنا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزادی مارچ پر پیپلزپارٹی کی پوزیشن واضح ہے، پارٹی کے لوگ مولانا فضل الرحمان سے رابطے میں ہیں، ہم مولانا فضل الرحمان کی حمایت کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے خلاف غیرجمہوری رویہ اختیار کیا گیا تو پیپلزپارٹی اپنی پالیسی پر غور کرے گی۔

%d bloggers like this: