Official Web

انڈر 19 ورلڈ کپ؛ گرین شرٹس جنوبی افریقی چیلنج سے نمٹنے کیلیے تیار

کرائسٹ چرچ:انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں گرین شرٹس جنوبی افریقی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

میگا ایونٹ میں پاکستان انڈر19ٹیم بہتر آغاز نہیں کرسکی تھی،پہلے مقابلے میں افغانستان نے گرین شرٹس کو 188تک محدود کیا،روحیل نذیر81اور علی زریاب 30 رنزکے سواکوئی مزاحمت نہ کر پایا،افغان ٹیم نے ہدف 5 وکٹ پر ہی حاصل کرلیا۔

دوسرے میچ میں پاکستانی پیسر شاہین آفریدی نے 6شکار کرتے ہوئے آئرلینڈ کو صرف97 تک محدود رکھا، پھر ٹیم نے ہدف بھی ایک وکٹ پر حاصل کرلیا،گرین شرٹس نے تیسرے مقابلے میں سری لنکا کو3وکٹ سے ہراکر گروپ ڈی میں ٹاپ پر جگہ بنائی،شاہین آفریدی کی فارم برقرار رہی،سلمان شفقت نے بھی ساتھ دیتے ہوئے آئی لینڈرز کو 188پر ڈھیر کیا، علی زریاب کی ففٹی سے تقویت پاتے ہوئے پاکستان نے ہدف 7وکٹ پر 44ویں اوور میں حاصل کیا۔

دوسری جانب گروپ ون میں نیوزی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر آنے والے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں یکساں مضبوط ہیں،دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کیخلاف بھاری مارجن سے فتح میں روفلز کی 4 وکٹوں نے اہم کردار ادا کیا تھا،ابھی تک کارکردگی میں تسلسل کا مظاہرہ نہ کرپانے پاکستانی بیٹنگ لائن کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، روحیل نذیر،زید عالم اور علی زریاب سے توقعات وابستہ ہوں گی،سازگار کنڈیشنز میں حریفوں کو پریشان کرنے والے شاہین آفریدی اور ساتھی پیسرز ابتدامیں پروٹیز کی وکٹیں اڑاکر پیش قدمی کیلیے راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جب کہ درمیانی اوورز میں رنز روکنے کی ذمہ داری کپتان حسان خان اور سلیمان شفقات پر عائد ہوگی۔