Official Web

خورشید شاہ مزید 15 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

سکھر: احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی۔

سکھر کی احتساب عدالت میں پی پی رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر خورشید شاہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

’خورشید شاہ کے اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے اور جائیداد بھی مل گئی‘

دورانِ سماعت خورشید شاہ کے وکیل رضا ربانی نے اپنے دلائل میں کہا کہ خورشید شاہ نےکیس میں تمام سوالوں کےجوابات جمع کرادیے، پہلے ہی دن کہا تھا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، 5 ارب سے شروع ہونے والی کہانی متاثرین باجوڑ کے لیے کھولے گئے اکاؤنٹ پر ختم ہوگئی ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ گھر اور اسمبلی فنڈریزنگ کی وجہ سے خورشید شاہ کو ایک ماہ سے حراست میں رکھا گیا ہے، اگر یہ سب ہی پوچھنا اور کرنا تھا تو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

رضا ربانی نے خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعاکی۔

اس موقع پر نیب کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ خورشید شاہ کےخلاف تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیاگیا ہے، نیب قانون کے مطابق ملزم خود نیب الزامات کے خلاف ثبوت فراہم کرتا ہے، خورشید شاہ سے جو سوال کیا جاتا ہے تو جواب ملتاہے میرے نہیں خاندان کے اثاثے ہیں۔

نیب نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کرلیا

نیب پراسیکیوٹر نے خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے پی پی رہنما کو مزید 15 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

عدالت نے ملزم کو 4 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔