Official Web

صدر ٹرمپ کی مسلم خاتون رکن پارلیمنٹ کو ہراساں کرنے کی کوشش

واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر امریکی مسلمان رکن پارلیمنٹ عمر الہان کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست مینیسوٹا کی ڈیمو کریٹ مسلم رکن کانگریس الہان عمر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے متنازع ٹویٹ سے ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور اس ٹویٹ کی بعد سے انہیں دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔

اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت متعدد کانگریس اراکین نے صدرٹرمپ کی ٹویٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مسلمان رکن کانگریس کے خلاف لوگوں کو تشدد پر اکسانے کی کوشش قرار دیا جب کہ پولیس نے بھی الہان عمر  پر ممکنہ حملے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔

امریکی صدر نے گزشتہ روز اپنی ایک ٹویٹ میں مسلم رکن پارلیمنٹ کی امریکن اسلامک کونسل میں 11 ستمبر کے حملوں سے متعلق تقریرکا وہ حصہ شئیر کیا جس میں الہان عمر حملے کا تذکرہ کر رہی ہیں۔ امریکی صدر نے ویڈیو کو انتہائی معنی خیز  کیپشن ’ ہم کبھی نہیں بھولیں گے‘ کے ساتھ شیئر کیا جس سے حساسیت بڑھ گئی اور انتہا پسند امریکیوں نے مسلم رکن پارلیمنٹ کو دھمکیاں دیں۔

واضح رہے کہ الہان عمر کانگریس کی پہلی صومالی اور افریقی نژاد مسلم خاتون ہیں جو حال ہی میں وسط مدتی الیکشن میں کامیاب ہوئیں، وہ صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کی سرگرم ناقد اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف بھرپور آواز بلند کرنے کے لیے شہرت رکھتی ہیں۔

%d bloggers like this: