Official Web

کراچی سمیت سندھ میں آندھی و مٹی کا طوفان، متعدد افراد ہلاک اور زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں جب کہ فضا میں دھول مٹی کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی جس کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

شہر قائد میں گزشتہ رات سے تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے بجلی کے تار ٹو ٹنے سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ فون لائن اور انٹر نیٹ سروس بھی متاثر ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل رات گرد و غبار کا طوفان توقع سے زیادہ تھا جس کے دوران ہوائیں 65 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں۔

سردار سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر میں موجود ہے جو کل شام تک نکل جائے گا تاہم آج بھی ہواؤں کی رفتار زائد رہے گی۔

دوسری جانب بارش برسانے والا سسٹم ایران سے گزشتہ رات بلوچستان میں داخل ہوا جس کے بعد کوئٹہ، کوہلو، اورماڑہ، چمن، زیارت، جیوانی، دُکّی،گوادر میں شدید بارش ہوئی۔

کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ سیلاب کے باعث ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔