Official Web

جعلی اکاؤنٹس کیس: زرداری اور فریال کی ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع

اسلام آباد:  اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کر دی۔

جعلی اکاؤنٹس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ یاد رہے عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے شامل تفتیش ہونے اور ہر سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ نیب کو آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر شق وار جواب داخل کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔

پیشی کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری غصے میں آگئے، صحافی نے سوال کیا کیا ضمانت ہو جائے گی، جس پر سابق صدر نے صحافی کا موبائل فون لے کر بند کر دیا۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج نیب نے اپنے کمنٹس جمع کروانے ہیں، دیکھتے ہیں آج نیب کمنٹ جمع کرواتا ہے یا مہلت لیتا ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ اگر ضمانت مسترد ہوگئی تو کیا اس کے لیے تیار ہے ؟ جس پر وکیل فاروق نائیک نے جواب دیا کہ اللہ کی مرضی اللہ بہتر کرے گا۔