Official Web

کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں اچانک 23 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا

کراچی میں دودھ کی قیمت میں اچانک 23 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

ڈیری فارمرز نے مڈل مین کو فی لیٹر دودھ 108 روپے میں بیچنا شروع کردیا جس کا براہ راست اثر عوام پر مہنگائی کی صورت میں پڑے گا۔

ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کے رہنما شاکر عمر کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی سے دودھ کی قیمت سے متعلق بات چیت نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی جس کے بعد مڈل مین کو فی کلو دودھ 108 روپے میں بیچنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کے رہنما نے کہا کہ مڈل مینز کو 85 روپے لیٹر میں دودھ فروخت کررہے تھے تاہم اب دودھ کی قیمت میں اضافے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

شاکر عمر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ، چارے اور دیگر اخراجات میں اضافے کے بعد دودھ کی قیمت میں اضافہ کیا، مڈل مین اور دکان دار فیصلہ کریں کہ دودھ کے نرخ کب بڑھائیں گے۔