Official Web

صدر ٹرمپ نے اختلاف رائے پر داخلی سلامتی کی وزیر سے استعفیٰ لے لیا

خاتون وزیر سے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن سے تلخ کلامی پر استعفیٰ لیا گیا۔ فوٹو : فائل

خاتون وزیر سے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن سے تلخ کلامی پر استعفیٰ لیا گیا۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے داخلی سلامتی کی خاتون وزیر کرسٹجن نیلسن سے استعفیٰ لیکر کمشنر کیون میکلین کو نگراں وزیر مقرر کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر داخلی سلامتی کی وزیر کرسٹجن نیلسن نے فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، صدر ٹرمپ نے اپنے معتمد خاص کسٹمز اور سرحدی تحفظ کے کمشنر کیون میکلین کو عبوری طور پر نگراں وزیر مقرر کردیا۔

صدر ٹرمپ اور خاتون وزیر کے درمیان دوریاں اس وقت بڑھیں جب ایک اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی تھی، کرسٹجن نیلسن نے صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے جان بولٹن سے کئی امور پر کھل کر اختلاف کیا تھا اور پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کرسٹجن نیلسن کو امریکی صدر نے 2017 میں کئی سیاسی شخصیات پر فوقیت دیتے ہوئے وزیر مقرر کیا تھا، قبل ازیں کرسٹجن نیلسن وائٹ ہاؤس میں ڈپٹی چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریاں نبھاتی رہی ہیں اور انہیں داخلی سلامتی کی پالیسیوں پر عبور اور مہارت کے باعث ہی وزیر مقرر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی کابینہ میں یہ پہلی تبدیلی نہیں ہے اس سے قبل داخلہ، خارجہ اور تجارت جیسے اہم عہدوں پر تعینات وزراء اور افسران نے صدر ٹرمپ کی متنازع پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے مزید کام کرنے سے انکار کر دیا تھا جب کہ کچھ کو امریکی صدر نے خود عہدے سے فارغ کیا۔