Official Web

یمن میں اتحادی افواج کی بمباری میں 7 بچوں سمیت 13 شہری جاں بحق

فضائی حملے میں ایک اسکول بھی تباہ ہوا۔ فوٹو : فائل

فضائی حملے میں ایک اسکول بھی تباہ ہوا۔ فوٹو : فائل

صنعا: یمن میں اتحادی افواج کے طیاروں نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسکول کے 7 طلبا سمیت 13  شہری جاں بحق ہو گئے جب کہ 100 افراد زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صنعا میں حوثی باغیوں کے اکثریتی علاقے میں اتحادی فوجیوں نے فضائی بمباری کی، جس کے نتیجے میں کئی گھر اور ایک اسکول تباہ ہوگئے۔ فضائی حملے میں اسکول کے 7 بچوں سمیت 13 شہری جاں بحق ہوئے جب کہ زخمیوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔

زخمیوں کی نازک حالت، طبی سہولیات کے فقدان اور متاثرہ علاقے سے اسپتال تک رکاوٹوں کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ فضائی حملے میں تباہ ہونے والے اسکول میں 2100  طلبا زیر تعلیم تھے جن میں لڑکیاں بھی شامل ہیں، زخمیوں میں بھی زیادہ تر اسکول کے طلبہ و طالبات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یمن میں 2014 سے جاری خانہ جنگی میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ 10 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں اور 25 ہزار کے لگ بھگ افراد بری طرح زخمی ہوئے۔ یونیسیف نے خانہ جنگی کے باعث یمن میں 85000 سے زائد بچوں کے خوراک کی کمی کے باعث ہلاک ہونے کا انکشاف کیا تھا۔