Official Web

آج قانون کی حکمرانی کی جیت ہوئی ہے، حمزہ شہباز

لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف  نے کہا ہے کہ آج کسی کی ہار جیت  نہیں ہوئی، بلکہ صرف اور صرف قانون کی حکمرانی کی جیت ہوئی ہے۔

گرفتاری کےلیے آنے والی نیب ٹیم کے واپس جانے کے بعد اپنی رہائش گاہ کے باہر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ آج کسی کی ہار جیت  نہیں ہوئی، بلکہ صرف اور صرف قانون کی حکمرانی کی جیت ہوئی ہے، نیب پر کون سا دباؤ تھا کہ انہوں نے مجھ سے دہشت گرد جیسا سلوک کیا، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر کی دیواریں پھاند کر اندر آئے اور مجھے گھر میں دہشت گرد کی طرح محبوس کیا گیا۔

حمزہ شہباز نے نیب کے چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف جھوٹے الزامات ہیں ،ہائیکورٹ کی جانب سے مجھے گرفتار کرنے سے 10 یوم پہلے آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا مگر نیب حکومتی گٹھ جوڑ میں اندھا ہوچکا ہے، نیب نے شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں بلایا اور گرفتار آشیانہ مقدمے میں کیا لیکن ان پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پوری دنیا نیب کی کارروائیوں اور ریاستی جبر کو دیکھ رہی ہے، ہمارے وکلا کی ٹیم ہائیکورٹ کے آرڈرز نیب کو دیکھا چکی ہے لیکن حکومت خوف کا شکار ہے، کارکن صبر کریں انشااللہ سب ٹھیک ہوگا ۔