Official Web

’’جوانی پھر نہیں آنی 2‘‘ پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم

کراچی: ہمایوں سعید اورفہد مصطفیٰ کی کامیاب ترین فلم’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘ نے پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا۔

نامور پاکستانی اداکار ہمایوں سعید، فہد  مصطفیٰ، احمد علی بٹ، ماورا حسین اور ثروت گیلانی جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز سے ہی شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ فلم نےگزشتہ برس پاکستان میں 51 کروڑ اور بیرون ملک 17 کروڑ کماکر مجموعی طور پر 68 کروڑ کا کھڑکی توڑ بزنس کیاتھا۔

پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘ کو مقامی سینماؤں میں دوبارہ ریلیز کیاگیا اورشائقین نے ایک بار پھر رومینٹک اورمزاح سے بھرپور فلم دیکھنے کے لیے سینما کا رخ کیا۔ دوبارہ ریلیز کے بعد فلم مجموعی طور پر 70 کروڑکا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ فلم کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید نے سوشل میڈیا پر فلم کا اب تک کا بزنس شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔