Official Web

عظیم ملک بننے کا خواب تعلیم کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کا اصل تحفظ تعلیم سے ہی ممکن ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی اردو یونیورسٹی حیدرآباد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج بہت خوش ہوں کہ ہم حیدرآباد یونیورسٹی کی تعمیر کا افتتاح کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں بنتی رہتی ہیں لیکن جب لوگوں پر خرچ ہوتا ہے تو ترقی ہوتی ہے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کا اصل تحفظ تعلیم سے ہی ممکن ہے اور ہمارے نبی ﷺ نے بھی مسلمانوں کو پڑھانے پر جنگی قیدیوں کو رہائی دی۔

عمران خان نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دی، مسلمانوں نے تعلیم پر توجہ دی تو 700 سال دنیا پر حکمرانی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سنگاپورکی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں سے زیادہ ہے، چھوٹا سا سنگا پور 300 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم دی تو یہ پاکستان کو اوپر لیکر جائیں گے، نوجوانوں کو تعلیم نہیں دی گئی تو ملک نیچے چلا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عظیم ملک بننے کا خواب تعلیم کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا، کفر کا نظام چل جائے گا لیکن ناانصافی اور ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھ سکتا کہ یہ کونسی ذہنیت ہے جو یونیورسٹی کی مخالفت کرتی ہے، حیران ہوں کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کی مخالفت کون اور کیوں ہو رہی ہے؟ خالد مقبول صدیقی سے پوچھوں گا کہ یہ کون لوگ ہیں جو حیدرآباد یونیورسٹی کے مخالف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ یونیورسٹی بننے میں مدد نہیں کر سکتے تو مخالفت تو نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت انصاف اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، نمل یونیورسٹی کا تجربہ حیدرآباد یونیورسٹی کے ساتھ شیئر کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس وہ اسکالرز ہی نہیں ہیں جو مغرب کو جواب دے سکیں، مولانا فضل الرحمان یورپ یا امریکا کو کیا جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم پر توجہ دی جاتی تو آج ہم مغرب کو گستاخانہ خاکو ں پر جواب دے پاتے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں معاشرے میں عجیب سی چیز آگئی تھی، ٹی وی پر بیٹھ کر لوگوں نے انگریزی بولنا شروع کر دی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ 90 فیصد پاکستانیوں کو انگریزی نہیں آتی، سمجھ نہیں آتا کہ ہمیں اردو سمجھ آتی ہے اور آپ انگریزی بولنا شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے بارے میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بھی پارلیمنٹ میں آکر انگریزی میں تقریر شروع کر دیتے ہیں، یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ انگریزی بولیں گے تو پڑھے لکھے نظر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم انگریزی میں بول کر اپنے عوام کی توہین کر رہے ہوتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ انگریزی میں بات کرنے کی یہ غلط روایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سمجھتا تھا ایم کیو ایم کا نظریہ تحریک انصاف سے ملتا ہے، اصل مسئلہ صرف شر پسندی کا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے جہلم کے قریب سوہاوہ میں القادر یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس جامعہ میں سائنس اور صوفی ازم پڑھایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ القادر یونیورسٹی میں ہمارے نوجوان نبی کریم ﷺ پر پی ایچ ڈی کریں گے۔