Official Web

ریلوے گالف کلب اراضی کیس: شیخ رشید کو خود دلائل دینے کی اجازت

اسلام آباد:  ریلوے گالف کنٹری کلب اراضی کیس میں سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے کو خود دلائل دینے کی اجازت دیدی۔

سپریم کورٹ میں ریلوے گالف کنٹری کلب اراضی کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیر ریلوے نے جسٹس عظمت سعید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گالف کنٹری کلب اراضی کیس 9 سال سے زیر التوا ہے، لیز پر دی گئی زمین کی قیمت 200 ارب سے زیادہ ہے، فرگوسن والے ایک روپیہ دینے کو تیار نہیں ہیں، وکیل کو 45 لاکھ فیس دی وہ 1 کروڑ مانگ رہا ہے، ملک کا سرمایہ تباہ ہوچکا ہے، آپ اس ملک کے سرتاج ہیں۔

جسٹس عظمت سعید نے جواب دیا اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہیں، آئندہ سماعت پر تیاری کر کے آئیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا اراضی لیز کے معاملے پر ریفرنس فائل کر دیا، فرد جرم عائد ہونا ہے۔ عدالت نے نیب کو ریفرنس کی کاپی پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ جمعرات تک ملتوی کر دی۔