Official Web

ملائیشیا میں تاریخ کے سب سے بڑے مالی سکینڈل کی سماعت کا آغاز

کوالالپمور: ملائیشیا میں تاریخ کے سب سے بڑے سمجھے جانے والے مالی سکینڈل کی سماعت کا آغاز ہو چکا ہے۔ سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر الزام ہے کہ انہوں نے اڑسٹھ کروڑ دس لاکھ ڈالر خورد برد کیے۔

ملائیشیا میں دنیا کے سب سے بڑے مالی اسکینڈل پر سماعت کا آغاز ہو گیا ہے جس کا مرکزی ملزم سابق وزیراعظم نجیب رزاق ہے۔ نجیب رزاق پر الزام ہے کہ انھوں نے ون ملائشیئن ڈیولپمنٹ برہاد نامی فنڈ میں 681 ملین ڈالر خورد برد کیے۔

تحقیقات کے مطابق عوامی فلاح وبہبود کے لیے قائم کیا گیا فنڈ چند طاقتور افراد کے ہاتھوں میں چلا گیا جسے مہنگی جائیدادیں، مصوری کے قیمتی فن پارے، نجی طیارے خریدنے اور ہالی ووڈ کی فلم وولف آف دی وال سٹریٹ میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فنڈ کا ٹھیکیدار اور کالے دھن کو سفید کرنے والا سہولت کار سرکاری دولت کو عیاشی میں لٹاتا رہا جبکہ نجیب رزاق کی بیگم روسمہ منصور کی شاہ خرچیوں بھی اتنی بڑھ گئی تھیں کہ ان کا مقابلہ فرانس کی آخری ملکہ مریہ انتونت سے کیا جاتا رہا ہے۔