Official Web

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر فرانسیسی صحافی کی دستاویزی فلم نشر

اسلام آباد: فرانسیسی صحافی پاول کامیٹی کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش کردی گئی، فلم میں بھارت کے نام نہاد سیکولر اور لبرل چہرے کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صحافی کی ڈاکومنٹری فلم ”وار آن دا روف آف ورلڈ “ نشر کردی گئی ہے جس میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم، پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال اور متاثرین کے بینائی سے محروم ہونے سمیت زیرحراست بہیمانہ تشدد کی عکاسی کی گئی ہے۔

فلم میں جنگی جنون میں مبتلا ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا گیا ہے، اس فلم کی تکمیل 18 ماہ میں ہوئی اور  فلم کی تمام تر ریکارڈنگ مقبوضہ کشمیر میں ہی کی

گئی ہے۔

فلم سازی کے دوران فرانسیسی صحافی کو 2017ء میں بھارتی فورسز نے حراست میں بھی لیا تھا، پاول کامیٹی اپنی ٹیم سمیت 3 ہفتے تک بھارتی فورسزکی حراست میں رہے گرفتاری کے بعد 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا بعد ازاں فرانسیسی صحافی اور 8 رکنی ٹیم کو بھارت میں بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا۔

فرانسیسی صحافی اور ٹیم نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا بھی دورہ کیا، آزاد کشمیر کے حالات بھی فرانسیسی ڈاکیو مینٹری کا حصہ بنائے گئے ہیں، فرانسیسی صحافی آزاد کشمیرمیں روزمرہ زندگی کے نارمل حالات د یکھ کرحیران ہوگئے تھے جب کہ بھارتی وزیر دفاع نے فرانسیسی صحافی کی مقبوضہ کشمیر میں ڈاکیو منٹری کے لیے فلم سازی کی درخواست کو بھی مسترد کردیاتھا۔