Official Web

نوازشریف اور آصف زرداری قوم کا پیسہ واپس کریں ہم انہیں چھوڑ دیں گے، وزیراعظم

گھوٹکی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ زرداری اور نوازشریف چاہے اکٹھے ہوجائیں پھر بھی انہیں نہیں چھوڑیں گے تاہم ان کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ قوم کا پیسہ واپس لوٹا دیں ہم انہیں چھوڑ دیں گے۔

گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قومیں غریب نہیں ہوتیں،کرپشن غریب اورمقروض کردیتی ہے، پاکستان ایشیا میں تیزی سےترقی کررہا تھا لیکن آج پاکستان کے بچے بچے پرقرضہ ہے، قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں، 2 ہزارارب روپے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں لگ جاتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ ہونا چاہیے، سندھ کی زمین زرخیز ہے لیکن کیا وجہ ہے اندرون سندھ میں سارے پاکستان سے زیادہ غربت ہے، اندرون سندھ میں غربت کی ایک ہی وجہ ہے، وہ کرپشن ہے، ماضی میں بے دردی سے ملک کو مقروض کیا گیا، قوم کو مقروض کیا گیا، پیسا کہاں گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے،سب سے زیادہ گیس سندھ سے نکلتی ہے اور 10 سال میں سندھ کو 237 ارب روپے گیس رائلٹی کی مد میں ملے اس میں سے گھوٹکی کوکتنا ملا، حالانکہ گھوٹکی میں گیس کے ڈھائی سوکنویں ہیں، سندھ کی 70 فیصد گیس یہاں سے ملتی ہے جب کہ سندھ میں پہلے شکار کرنے آیا کرتا تھا لیکن اب سیاست میں میرا شکارتبدیل ہوگیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق دیوالیہ ہوگیا ہے، اخراجات کے بعد وفاق 700 ارب روپے خسارے میں چلا جاتا ہے اور کرپشن کا پیسا جعلی اکاؤنٹس میں جاتا ہے، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرکے پیسا بیرون ملک بھجوایا جاتا ہے، سندھ کی سیاسی خاتون کےدبئی میں پانچ گھرنکلے ہیں لیکن آج ڈرامہ ہورہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احتساب ہورہا ہے تو ڈرامہ کیا جارہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں پڑگئی، اور اپنی چوری بچانے کے لیے ٹرین مارچ کیا گیا، لوگوں کو 2،2 ہزارروپے کا کہہ کرٹرین مارچ میں بلایا گیا لیکن اس میں 200 روپے دے کرغریبوں کے ساتھ بھی دھوکا کیا گیا جب کہ چوری بچانے کے لیے نوازشریف اورزرداری اکٹھے ہوگئے ہیں، زرداری اور نوازشریف چاہے اکٹھے ہوجائیں پھر بھی انہیں نہیں چھوڑیں گے تاہم  نوازشریف اور آصف زرداری قوم کا پیسہ واپس کریں ہم انہیں چھوڑ دیں گے۔

%d bloggers like this: