Official Web

بھارت نے کرتارپور راہداری پر2 اپریل کو مذاکرات سےانکار کردیا

اسلام آباد: بھارت نے کرتارپور راہداری پر 2اپریل کو مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ماہرین کی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلایا جائے۔

بھارت اپنی مذہبی اقلیت سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے ساتھ کھیلنے لگا، پاکستان نے تو کرتارپور راہداری کھولنے کا وعدہ نبھادیا لیکن بھارت اب پیچھے ہٹنے کی کوشش کررہا ہے اور معاملے پر روایتی بلیک میلنگ شروع کردی۔

بھارت نے 2 اپریل کو طے شدہ مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مذاکرات سے قبل ماہرین کی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلایا جائے، جب اس بارے میں پاکستان کا جواب آئے گا اس کے بعد ہی بات چیت کے اگلے دور کے بارے میں بتائیں گے۔

خیال رہے پاکستان

اور بھارت کے درمیان ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام گردوارہ دربار صاحب کرتارپور راہداری کھولنے کےلیے مذاکرات 2 اپریل کو واہگہ بارڈرپر ہونا تھے جس کے لیے بھارت کے برعکس پاکستان نے بھارتی میڈیا کو مذاکرات کی کوریج کی اجازت بھی دی تھی۔ حالانکہ 14 مارچ کو بھارت کے اٹاری بارڈرپرہونے والے مذاکرات کی کوریج کے لیے بھارت نے پاکستانی صحافیوں کو ویزے دینے سے انکارکردیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی 19 مارچ کو تکینکی ماہرین کی ملاقات بہت مثبت تھی، اور اب عین آخری وقت پر بھارت کا مذاکرات کوملتوی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔