Official Web

نئے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آج جو کچھ ہو رہا ہے اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے، پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا اور یہ حملہ مودی کی مسلم مخالف حکومت اور مقبوضہ کشمیر میں ان کی سخت پالیسیوں کا نتیجہ ہے جب کہ بھارت کے عام انتخابات سے قبل کچھ ہو سکتا ہے، بھارتی وزیراعظم مودی ایک ہیجان زدہ شخص ہیں جو دونوں ممالک کو جنگ کے دھانے پر لے آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں اور پاکستان کا جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاوٴن جاری ہے، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آج جو کچھ ہو رہا ہے اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے جس پر اس کے شکرگزار ہیں لیکن یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان چین کی کلائنٹ ریاست بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں اور اس مرتبہ پاکستان آخری بار آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا۔

%d bloggers like this: